سکولوں سمیت اساتذہ کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں: صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری

39

کوہلو، 04 دسمبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کررہے ہیں، سکولوں اور اساتذہ کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول کے دورہ کے موقع پر  کیا جہاں انہوں نے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور درس وتدریس کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں  نے تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح بھی  کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے پچاس فیصد پروموشن کوٹہ پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا،خالی آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائے گی۔

سکول کے وائس پرنسپل ضیاء الحق زرکون نے صوبائی وزیر تعلیم کو سکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ صوبے میں تعلیمی شعبے میں ہنگامی اقدامات وقت کی ضرورت ہے،جدید تدریسی نظام کے فروغ سے صوبے میں تعلیمی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔تعلیم کے شعبے کے پیش نظر حکومت نے اس شعبہ کی ترقی اور نوجوان نسل کو جدید علوم سے بہرہ مند کرنے کے لئے جامع اور ٹھوس اقدامات کئے ہیں  جبک علم ایک ایسا پھول ہے جو جتنا کھلتا ہے اتنی زیادہ خوشبو دیتا ہے جن قوموں کے پاس زیادہ علم ہوتا ہے ان پر قسمت کی دیوی بھی اتنی مہربان ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو اس بات کا مکمل ادراک رکھتے ہیں کہ نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی یہی وجہ حکومت بلوچستان نے مثالی اور انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کے دورس نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی پچاس فیصد پروموشن کوٹہ پر فوری عملدرآمد کیا جائے گاجس سے ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔محکمہ تعلیم میں تدریسی اور غیر تدریسی خالی آسامیوں پرجلد تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی جس سے صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کو بڑی تعداد میں میرٹ پر روزگار دیا جائے گا۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لئے محکمہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ اساتذہ سکولوں میں حاضری کو یقینی بنائیں فرض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائیگی  جبکہ صوبے کے یکساں نظام کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

صوبائی وزیر  میر نصیب اللہ مری نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول کوہلو میں سائنس لیب میں آلات کی فراہمی اور تعمیر ومرمت،طلباء کے لئے ہاسٹل اور سکول کے گراؤنڈ کو ٹف ٹیل کرنے اور آئی ٹی لیب کی تعمیر کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے  سکول کے انتظامیہ کی جانب سے سکول میں بیت الخلاء کے سہولت کی عدم دستیابی پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کئے جبکہ ضلع میں ریزیڈنشل سکول کی تعمیر کے لئے بھی کوشاں رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی ای او جعفر خان زرکون،ڈی او ای حفیظ اللہ مری،ڈی ڈی ای او میل کوہلو شمس مری،پرنسپل گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول عبدالغنی،وائس پرنسپل ضیا ء الحق زرکون،ایس ڈی او بلڈنگ انجنیئرخواج مری، ایس ڈی او پی ایچ ای انجنیئر عنایت اللہ مری، میر دوست علی،میر فاروق مری،حاجی عبدالرحمن مری،میر جہانزیب مری و دیگر موجود تھے۔