لاہور ،12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام پر پنجاب حکومت مبارکباد کی مستحق ہے، پہلی مرتبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بااختیار حکومت ہوگی، نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع میں میئر کا براہ راست انتخاب ہو گا۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی غیرت فریال تالپور کے پرس اٹھانے پر نہیں جاگتی، ہر بات پر دھمکی دینا وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں، مراد علی شاہ کا رویہ غیر مناسب ہے، سندھ حکومت نے جو نظام دیا ہے وہ واضح طور پر آرٹیکل 140 اے کی خلاف ورزی ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل ہوں گے، 18 ویں ترمیم کے بعد خیال تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے پیسے صوبوں کو جائیں گے اور صوبوں سے ضلعی ہیڈ کوارٹرز کو منتقل ہوں گے لیکن صوبوں نے کبھی وہ پیسے نہیں دیئے، شہباز شریف نے اقتدار میں آتے ہی بلدیاتی حکومتوں کا نظام ختم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب پنجاب میں پہلی مرتبہ اضلاع میں میئر کے براہ راست الیکشن ہوں گے، میئر اپنی کابینہ نامزد کرے گا، اب این ایف سی کا پیسہ صوبوں میں آ کر اضلاع کے پاس جائے گا، یہ وہ نظام ہے جس کا وزیراعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی کے اندر مخالفتوں کے باوجود اپنا وعدہ پورا کیا ہے، ضلع کا میئر براہ راست منتخب ہوگا، ایک بہت بڑی انتظامی اور سیاسی تبدیلی آئے گی۔











