اسلام آباد، 30 دسمبر(اے پی پی ):قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ آج ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پورے ملک کی آواز بن چکا ہے، بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کو فعال ادارہ بنا دیا ہے ، نیب بدعنوان عناصر کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق کاروائی کرنے کے لئے متحرک ہے، نیب نے گزشتہ 4 سالوں کے دوران بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 541 ارب روپے برآمد کیے جو کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں قابل ذکر کامیابی ہے، نیب کو دیانتداری کی مثال بن کر زندہ رہنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ آج ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پورے ملک کی آواز بن چکا ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے نیب کو ایک متحرک ادارہ بنا دیا ہے جو بدعنوان عناصر کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق کارروائی کرنے کے لئے متحرک ہے۔ آج ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، ورلڈ اکنامک فورم، گلوبل پیس کینیڈا، پلڈاٹ اور مشال پاکستان جیسے نامور قومی اور بین الاقوامی ادارے نہ صرف بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نیب کی کوششوں کو سراہتے ہیں بلکہ گیلانی اور گیلپ سروے میں 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔











