اسلام آباد، 30 دسمبر (اے پی پی): قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ آج ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پورے ملک کی آواز بن چکا ہے، بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کو فعال ادارہ بنا دیا ہے ، نیب بدعنوان عناصر کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق کاروائی کرنے کے لئے متحرک ہے، نیب نے گزشتہ 4 سالوں کے دوران200 کے قریب کارروائیاں کیں ہیں اور بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 541 ارب روپے برآمد کیے جو کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں قابل ذکر کامیابی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے گزشتہ 4 سالوں کے دوران بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 541 ارب روپے برآمد کیے جو کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں قابل ذکر کامیابی ہے۔ نیب کو اپنے آغاز سے اب تک510729 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 498256 شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے۔ نیب نے 16307 شکا یات کی تحقیقات کی قانون کے مطابق اجازت دی جن میں سے 15475 شکایات کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں۔ نیب نے 10365 انکوائریاں قانون کے مطابق شروع کیں جن میں سے 9299 انکوائریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ قومی احتساب بیورو نے4707 تحقیقات کی اجازت دی جن میں سے 4377 تحقیقات نیب نے مکمل کی ہیں۔ نیب نےاپنے قیام کے بعد سے اب تک 822.115 ارب روپےبالواسطہ اور بلاواسطہ طور پربرآمد کیے۔ نیب نے مختلف فاضل احتساب عدالتوں میں 3772 ریفرنس دائر کیے جن میں سے 2508 ریفرنسز کے فیصلے فاضل احتساب عدالتوں نے سنا دیئے ہیں۔ اس وقت 1264 ریفرنسز جن کی مالیت تقریباََ 1335 ارب روپے ہے جو ملک کی مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔











