وفاق بلوچستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہا ہے ، صوبے میں امن کا قیام اور ترقی کے اہداف حاصل کرنا ترجیح ہے؛ ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری

38

کوئٹہ،4دسمبر  (اے پی پی):بلوچستان میں ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے موضوع پر کوئٹہ میں ہفتہ کو  یہاں  ایف ای ایس  اور حکومت  بلوچستان کے تعاون  سے سیمینار ہوا جس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ، چیرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک شیر علی ارباب خصوصی طور پر  شریک ہوئے ،صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ  میر ظہور بلیدی نے سیمینار کی صدارت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ  وفاق بلوچستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہا ہے ، بلوچستان میں سرمایہ کاری دیر پا امن سے مشروط ہے ۔ ہماری ترجیح امن کا قیام اور ترقی کے اہداف کو حاصل کرنا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ سی پیک انتہائی اہم پروجیکٹ ہے  ، سی پیک  نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے ، پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب تمام اکائیاں اس ترقی سے مستفید  ہوں گی۔ سی پیک کی تکمیل کے ساتھ ملک کا نقشہ بدل جائے گا ۔

 انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اصل اسٹیک ہولڈر بلوچستان کے لوگ ہیں جنہیں ہنر مند بناکر معاشی طور پر مستحکم کیا جائے گا ، صوبے کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے حکومت مثالی کردار ادا کررہی ہے ، ملک کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے منسلک ہے ۔

چئیرمین  پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک شیر علی ارباب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کی محرومیوں کے ازالے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے ۔ ہم بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔ سی پیک سے متعلق تمام خدشات کو دور کررہے ہیں ۔ گوادر کی ترقی میں مقامی لوگوں کا اہم کردار ہے جس کو ہر گز نظر انداز نہیں کریں گے ۔

 صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ موجودہ وفاقی حکومت  بلوچستان کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے ۔ وفاق کی سطح پر کوشش کی جارہی ہیں  کہ بلوچستان کو دوسرے صوبوں کے مساوی ترقی دی جائے ۔ سیمینار سے ایف ای پی کے کنٹری ہیڈ Jochen Hippler  ، چیمبر آف کامرس ، معاشی اور اقتصادی ماہرین اور طلبہ نے بھی خیالات کا اظہار کیا اور سی پیک کے حوالے سے تجاویز دیں ۔