پنجاب میں 1139 دیہی مال مراکز کام کر رہے ہیں، مزید  8 ہزار  دیہی مال مراکز   بنانے جا رہے ہیں؛ ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور

41

لاہور، 29 دسمبر ( اے پی پی ) :پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور  نے کہا ہے  کہ پنجاب میں 1139 دیہی مال مراکز کام کر رہے ہیں جبکہ  مزید  8 ہزار  دیہی مال مراکز   بنانے جا رہے ہیں۔ ون ونڈو ای خدمت سنٹر  کے تحت زمین کی رجسٹری کا طریقہ آسان ہوا ہے اور دھوکہ دہی کے امکانات بھی ختم ہو گئے ہیں۔

 بدھ کو  یہاں  میڈیا سے  گفتگو میں ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے  کہا کہ حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنا چاہتی ہے، جنوری کی ابتداء میں عوامی خدمت کے 3 ہزار سے زائد مراکز قائم کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کے اس منصوبے پر اربوں روپے خرچ نہیں کئے گئے ہیں، ان منصوبوں پر حکومت کے پاس موجود وسائل ہی استعمال کئے گئے ہیں۔

حسان خاور نے کہا کہ لوگوں کو محکمہ مال کے مختلف دفاتر میں دھکے کھانے پڑتے تھے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لوگوں کو ایک چھت کے نیچے خدمت فراہم کی جارہی ہے جبکہ پولیس، لوکل گورنمنٹ سسٹم اور دیگر محکموں میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔