اٹک،19 جنوری(اے پی پی): پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ کے ضلعی سطح کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے، گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک میں منعقدہ آرٹس کونسل راولپنڈی کے زیر اہتمام ان مقابلوں میں 6 مختلف کیٹگریز میں پنجاب کے رہائشی16سے 40 سال کی عمر کے افراد نے حصہ لے کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ ان ڈور کے ساتھ ساتھ آؤٹ ڈور مقابلے بھی عمدگی سے انجام پذیر ہوئے، کالج کے سبزہ زاروں میں میلے کا سماں رہا اور بڑی تعداد میں طلباء و طالبات، والدین اور مہمانوں نے ان مقابلوں کا خوب لطف اٹھایا۔تمام کیٹگریز کے لیے آرٹس کونسل نے اپنے مخصوص انداز میں سٹیج، پنڈال اور میدان سجا رکھے تھے۔مختلف مقابلے صبح نو بجے شروع ہوئے اور دو بجے تک جاری رہے۔ گیت سنگیت کے پنڈال میں رونق رہی، امسال تھیٹر اور لوک رقص کے ایونٹ بھی ان مقابلوں کا حصہ تھے جن میں حاضرین نے بھرپور دلچسپی لی۔ افسانہ نویسی کے مقابلے کے شرکاء علامہ اقبال ہال میں خامہ فرسائی کررہے تھے تو کالج کے خوبصورت سبزہ زار میں پینٹنگ اور کرافٹ کے مقابلوں میں شریک ہنر مند اپنے کمالات دکھا رہے تھے۔ قائد اعظم ہال میں قائم تھیٹر میں چار مختلف ڈرامے پرفارم کیے گئے۔مقابلوں کے اختتام پر ہر کیٹگری کے تین تین ماہر ججوں کے پینلز نے اپنے اپنے نتائج مرتب کیے جن کا اعلان تقسیم انعامات کی پروقار تقریب میں کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آرٹس کونسل راولپنڈی وقار احمد نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک کے پرنسپل ماجد وحید بھٹی نے منظم اور خوبصورت مقابلوں کے انعقاد پر اپنے سٹاف اور طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور تمام مہمانوں اور ججز کا شکریہ ادا کیا۔6 مختلف ضلعی مقابلوں میں تفصیلی نتائج کے مطابق سٹیج ڈرامہ میں اول سرفراز احمد اور ان کی ٹیم، حضرو، دوم محمد عبید اور ان کی ٹیم، گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک سو،م خلیل الرحمان اور ان کی ٹیم، ایجوکیشن یونیورسٹی اٹک افسانہ نویسی میں اول نعمان یونس، گورنمٹ گریجوایٹ کالج اٹک،دوم عظمیٰ پروین، جونئیر کلرک گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک سوم عبدالرافع، گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک دستکاری (ہینڈی کرافٹ) میں اول واقعہ سلیم دوم عائشہ بی بی،سوم لائبہ ظفر،تینوں طالبات کا تعلق گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک سے ہے۔ مصوری (پینٹنگ) میں اول مقدس نذیر دوم ام سلمی اور سوم شمسہ تینوں طالبات کا تعلق فتح جنگ سے ہے اور وہ آرٹ کے ایک معروف ادارے سے باقاعدہ تربیت لے رہی ہیں،گلوکاری میں اول ہابل جاوید دوم روبن گلزار اور سوم محمد عثمان، طالب علم گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک،لوک رقص میں اول الطاف حسین اور ساتھی دوم عبدالقدیر خان اور ساتھی اور سوم شوکت خان اور ساتھی رقص کی تینوں پوزیشنیں فتح جنگ کی نوجوان پروفیشنل رقاصوں پر مشتمل پارٹیوں نے جیتیں۔
تمام مقابلوں میں اول دوم اور سوم آنے والوں نے 15 فروری 2022ء کو راولپنڈی ڈویژن کے مقابلوں کے لیے کوالیفائی کیا اور بہترین کارکردگی پر نقد انعات کے حقدار قرار پائے۔گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک نے ان ضلعی مقابلوں میں افسانہ نویسی اور دستکاری کی تینوں پوزیشنیں، ڈرامے میں دوسری پوزیشن اور گلوکاری میں تیسری پوزیشن کے ساتھ کل آٹھ انعامات حاصل کئے۔











