ایبٹ آباد۔ 19 جنوری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کے لوگ ان کے دوست اور عزیز ہیں، یہ پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے ہیں، کچھ عناصر پراپیگنڈا کر رہے ہیں اوران کے پاس جھوٹے پراپیگنڈوں کے علاوہ کچھ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایبٹ آباد کے منتخب نمائندوں سپیکر خیبر پختونخوا مشتاق غنی، رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، ارکان صوبائی اسمبلی قلندر لودھی، نذیر عباسی سمیت دیگر رہنماؤں سے بات چیت کے بعد ورکرز کنونشن کے حوالہ سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کنونشن کے حوالہ سے وہ ایبٹ آباد گئے تھے، دوران کنونشن شور شرابہ ہوا جس پر ہم نے کارکنوں سے کہا کہ آپ پی ٹی آئی کے ورکرز ہیں، اس طرح پروگرام میں خلل پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو ایشو بناء کر اپوزیشن نے واویلا مچایا ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس ان جھوٹے پراپیگنڈوں کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی قلندر خان لودھی اور نذیر عباسی نے پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر اور وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات کی اور ایبٹ آباد میں منعقد کئے گئے ورکرز کنونشن کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔











