حکومت پانچ سال پورے کرے گی،  مہنگائی بے روزگاری کو ختم کریں گے  ، چاروں شریف پاکستانی سیاست سے مائنس ہیں؛ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

140

اسلام آباد،14جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی ، مہنگائی بے روزگاری کو ختم کریں گے  ،   ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہوگی ، اس ملک کے دوخاندانوں  نے  ملکی دولت کو بے دردی سے لوٹا ،چاروں شریف پاکستانی سیاست سے مائنس ہیں ، اپوزیشن کے لانگ مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے  ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزارت داخلہ میڈیا سنٹر میں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ورثے میں ملنے والے خراب معاشی حالات کی وجہ سے مجبوری کی حالت میں آئی ایم ایف کی  شرائط بھی ماننا پڑیں ،  عمران خان آئی ایم ایف  کے پاس جائے تو غلط ، یہ جائیں تو درست۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہے لانگ مارچ کرے یا لونگ مارچ اس وقت تک رکاوٹ نہیں ڈالیں گے جب تک وہ قانون کی خلاف ورزی نہیں کرتے ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ  پاکستان تئیس مرتبہ آئی ایم ایف  سے پروگرام لے چکا ہے ، ماضی میں   چوروں ڈاکوئوں  اور  لٹیروں نے ملکی خزانے کو اس بے دردی سے لوٹا کہ آئی ایم ایف کی  شرائط بھی ماننا پڑیں ،کوئی خوشی سے آئی ایم ایف  کے پاس نہیں جاتا لیکن حالات کی مجبوری کا تقاضا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بہتر پوزیشن میں آئے گا  ۔ انہوں نے کہا کہ   چار ماہ بعد بلدیاتی انتخابات ہیں ، 23 مارچ کو پاکستان کی تاریخی پریڈ ہے جس میں   اہم غیر ملکی شخصیات   شرکت جبکہ چین کے جے اے 10سی بھی فلائنگ پاسٹ کریں گے ، اس لیے  اپوزیشن نے تئیس مارچ کو ہی کیوں مارچ کرنا ہے ؟۔شیخ رشید نے کہا کہ اپیکس کمیٹی میں بھی افغانستان اور  اس کے عوام کے لئے وزیراعظم نے نیک جذبات اور انسانی بنیادوں پر مدد کا ذکر کیا ۔انہوں نے کہا کہ  احساس پروگرام کے تحت 180ارب روپیہ ، ایک کروڑ پچاس لاکھ مستحق افراد میں تقسیم کیا گیا اور انتہائی غریب طبقے کو ریلیف دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 10ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے عمران خان نے دوبڑے ڈیموں کی تعمیرکا فیصلہ کیا ہے ،پانی کے ذخیرے کی استعداد 13سے 26ملین فی ایکڑ کرنے کے اقدامات کیے ہیں ،حکومتی اقدامات کی بدولت ریکارڈ بمپر فصلیں  ہوئی ہیں ،چار فی صد کے قریب شرح پیداوار اور صنعتی پیداوار 15فی صد ہوئی ،پاکستانی تاریخ میں ریکارڈ محصولات اکٹھا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نوا زشریف  وطن آنا  چاہتے ہیں تو  آئیں،  نہیں آنا چاہتے نہ آئیں،   چاروں شریف سیاست سے مائنس ہیں ۔میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ آئی ایم ایف کے پا س جانا مجبوری تھا ، اللہ کے حکم سے عمران خان کی حکومت پانچ سال  پورے کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ  اس قوم کا اصل مسئلہ معاشی ہے جو ہمیں  ورثہ  میں ملا ہے ، ماضی میں جولوٹ مار کی گئی اور جس طر ح قومی  خزانے کو بے دریغ لوٹا گیا ، اس کی سزاپوری قوم بھگت رہی ہے ۔ افغان باڑ کے حوالے سے وزیر داخلہ نے بتایاکہ 2600کلومیٹر پرباڑ لگ چکی ہے ۔

سورس:وی این ایس ، اسلام آباد