وزیر اعظم عمران خان کو کوئی نکال رہا ہے اور نہ ہی کوئی نکال سکتا ہے، حکومت آئینی مدت پوری کر ے گی؛گورنر پنجاب

16

ملتان،26جنوری  (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو کوئی نکال رہا ہے اور نہ ہی کوئی نکال سکتا ہے،حکومت آئینی مدت پوری کر ے گی۔جہانگیر خان تر ین ابھی تک تحر یک انصاف میں ہیں  وہ حکومت کیخلاف کسی مہم کا حصہ نہیں بنے ۔15مئی کو وعدے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مر حلے کا باقاعدہ آغا زہوجائے گا۔موجودہ ملکی حالات میں صدارتی نظام کی بات موزوں نہیں ہے۔ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں لیکن اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ، ہمارا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی اور گڈکورننس ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کے روز سر کٹ ہا وس ملتان میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 60ملین روپے کے 20سے زائد منصوبوں کے افتتاح کے بعد پر یس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے  کہا کہ پوری دنیا میں اپوزیشن کا کردار میڈیا ادا کرتا ہے اور جن چیزوں میں  خرابی ہوتی ہے انکی نشاندہی کرتا ہے،صحافت ملک کو آگے لے جانے کے لیئے ایک مرکزی ستون ہے۔انہوں نے کہاکہ میڈیا پر حملوں کاجو سلسلہ شروع ہوا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس میں ملوث ملزمان کوکیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

گورنر پنجاب  نے کہا کہ تحر یک انصاف میں  کچھ لوگوں کی رائے مختلف ہوسکتی ہے مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں سب ایک پیج پر ہیں۔اپوزیشن کے مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ کا کافی عر صہ سے سن رہے ہیں مگر اپوزیشن جماعتیں نہ صرف خود ایک پیج پر نہیں بلکہ ان جماعتوں کے اندر بھی ان کے لوگ ایک پیج پر نہیں اس لیے اپوزیشن کے کسی احتجاجی مارچ سے حکومت کو کوئی خطر ہ نہیں وہ احتجاج کر نا چاہتے ہیں توشوق سے کر یں ملک میں الیکشن اپنے وقت پر 2023ءمیں ہی ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ موجودہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ کسی بھی ایشوز پر ٹکرا ؤنہیں چاہتی بلکہ ہم نے ہمیشہ اپوزیشن کو قومی ایشوز پر مذاکرات کی دعوت دی ہے مگر اپوزیشن حکومت کے ساتھ بات کر نے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی اپوزیشن جماعتوں سے کہتے ہیں کہ قومی ایشوز پر حکومت کیساتھ بات چیت کر یں کیونکہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار اد ا کر یں۔

گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 300سے زائد منصوبوں پر جنوبی پنجاب میں کام جارہی ہے اور آج ہم نے مزید 20منصوبوں کاافتتاح بھی کر دیا ہے۔مخیر حضرات کی جانب سے10 ہزار سولر پاور ہینڈ پمپس کے عطیات میرے پاس آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا وعدہ پورا کیا جائے گا اور مارچ کے آخر تک پنجاب کے ڈیڑھ کروڑ افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کر دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب   میں ا نہوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس کو صرف دفتر ی کام کے لیے استعمال کرتا ہوں اس میں میری رہائش نہیں ہے۔پچھلے برس ہم نے اسے عام لوگوں کے لیے کھول دیاتھا اورگزشتہ رمضان المبارک میں 50ہزار سے زیادہ عام لوگوں کی افطارپارٹی کرچکے ہیں۔

چوہدری محمد سرور  نے کہاکہ نشتر ہسپتال کے مسائل حل کریں گے، کورونا وائرس سے ہماری حکومت  نےبہترین طریقے سے نمٹا ہے اب بھی بہترین طریقے سے نمٹ  رہے ہیں ۔مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں چوہدری محمد سرور نے کہاکہ مہنگائی بہت بڑا ایشو ہے یہ مشکل وقت ہے برطانیہ اور امریکہ میں بھی مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ہم بہت سی چیزیں بیرون ممالک سے منگوا رہے ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ،تحر یک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی جاوید اختر انصاری،چیئر مین پنجاب آپ کا اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمداور دیگر بھی موجود تھے۔