وفاقی کابینہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس پروگرام کے ذریعے 400 کنال رقبہ پر محیط رہائشی منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی

46

اسلام آباد۔11جنوری  (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا جلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں  وفاقی کابینہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس پروگرام کے ذریعے 400 کنال رقبہ پر محیط رہائشی منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی، اس منصوبے سے دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، کابینہ نے مالی سال 2020-21ءکی چوتھی سہ ماہی کے بجلی کے نرخوں کی ایڈجسٹمنٹ کرنے کی بھی منظوری دی، یہ ایڈجسٹمنٹ تین اقساط میں صارفین کو ادا کی جائے گی، اس سے بجلی صارفین کو ریلیف ملے گا۔ کابینہ اجلاس میں سمبڑیال کھاریاں موٹر وے منصوبے کی منظوری دی گئی، وزیراعظم نے راولپنڈی ۔ کھاریاں موٹر وے منصوبے پر جلد عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن کے چیئرمین اور ممبرز تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ آصف رشید کو بطور چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب سے دو ممبران اور باقی صوبوں سے ایک ایک ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔  کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر سعودی حکومت کی طرف سے پاک فضائیہ کے 100 اہلکاروں کو دیئے گئے ”نوت التمرین میڈلز“ کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ ایکٹ 2020ءکے تحت کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ فنڈ کا ریگولیٹر بنانے کی منظوری دی گئی۔ یہ منظوری غیر قانونی سرمایہ کو بیرون ملک منتقل کرنے کو روکنے کیلئے دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 22 دسمبر 2021ءکو منعقدہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے کمیٹی برائے نجکاری کے 31 دسمبر 2021ءکو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 31 دسمبر 2021ءاور 5 جنوری 2022ءکو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔