پاکستان اپنی قومی ترقی بالخصوص واٹر منیجمنٹ کے شعبہ میں جاپان کے تعاون پر شکر گزار ہے؛ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی

21

 

اسلام آباد،26جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی قومی ترقی بالخصوص واٹر منیجمنٹ کے شعبہ میں جاپان کے تعاون پر شکر گزار ہے،واٹر مینجمنٹ اور فلڈ کنٹرول میں جاپانی امداد اور تکنیکی معاونت بے حد مددگار ثابت ہو رہی ہے۔

ان خیالات  کا اظہار  انہوں نے  پاکستان میں جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو سے ملاقات  میں کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ  جائیکا کے تحت پاکستانی آبی ماہرین کی تربیت، موسمی پیش گوئی کے سٹیٹ آف دی آرٹ نظام کی فراہمی اور کئی شہروں میں نکاسی آب کے منصوبے پاک جاپان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موثر واٹر مینجمنٹ اور فلڈ کنٹرول کے لئے جاپانی امداد اور تکنیکی تعاون سے پاکستان اپنے آ بی مسائل کو جلد حل کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔

 انہوں نے جائیکا کے تحت پاکستانی واٹر سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر جاپانی سفیر کا شکریہ بھی ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت جاپان آبی وسائل کی ترقی کے لئے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔

اس موقع پر جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو نے پاکستان کے لئے اپنے ملک کی جانب سے تعاون کو مزید بڑھانے اور اس سلسلہ میں اپنی بھرپور ذاتی کوششوں کا یقین دلایا۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے آبی وسائل کاظم نیاز بھی موجود تھے۔