پوری قوم ضمنی مالیاتی بل 2021ءکی منظوری پر مبارکباد پر مستحق ہے ، اپوزیشن کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ؛وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

18

اسلام آباد،14جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج قومی اسمبلی میں بڑی قانون سازی ہوئی، ایک مرتبہ پھر شکست اپوزیشن کا مقدر بنی، اپوزیشن کی خواہشات کبھی پورا نہیں ہوں گی، اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ وہ اپنے پائوں پر کھڑا ہونا سیکھے، بڑے ایشوز پر بات کرے، ضمنی مالیاتی بل 2021ءکی منظوری سے ہماری معاشی مشکلات ختم ہوں گیم پوری  قوم مبارکباد کی مستحق ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ آخر وقت تک ایوان میں موجود رہے، ان کی وجہ سے آج تحریک انصاف کے تمام کارکنوں کے حوصلے بلند تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی مالیاتی بل 2021ءکی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کے پروگرام میں اب کوئی رکاوٹ حائل نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ 2 ارب ڈالر آئی ایم ایف کا پروگرام ہے، اس کے علاوہ مجموعی طور پر 15 سے 18 بلین ڈالر کی لائنز پاکستان کو میسر ہوں گی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے ہماری معاشی مشکلات ختم ہوں گی اور ہم خساروں سے نمٹ سکیں گے۔ انہوں نے ضمنی مالیاتی بل 2021ءکی منظوری پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں  نے تحریک انصاف کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بل کی منظوری کیلئے تحریک انصاف کے تمام ارکان ڈٹے رہے۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، اپوزیشن کی خواہشات کبھی بھی پورا نہیں ہوں گی۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پائوں پر کھڑا ہونا سیکھے اور بڑے ایشوز پر آگے بڑھے۔