خواہش ہے کہ بل گیٹس پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں رہنمائی کریں،وزیراعظم عمران خان کا ای۔تجارت پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

10

اسلام آباد۔21فروری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پیر کو یہاں قومی ای۔تجارت پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ خواہش ہے کہ بل گیٹس پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں رہنمائی کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے بارے میں یہاں بات کی گئی کہ میں نے سب سے زیادہ جملہ کونسا بولا ہے تو میں خود آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے سب سے زیادہ جو بات کہی وہ یہ ہے کہ ”گھبرانا نہیں”، ہم نے جب حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے اور ملک دیوالیہ ہو چکا تھا، مجھے ٹیم کی فکر تھی کہ یہ گھبرا جائے گی، اس لئے میں نے انہیں تلقین کی کہ ”گھبرانا نہیں”، جب سب سے مشکل کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہم کھیلتے تھے تب بھی میں اپنی ٹیم کو یہی کہتا تھا اور آج میں اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ ”گھبرانا نہیں”۔ وزیراعظم نے بہترین پریزنٹیشن پر عون عباس بپی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے بہترین کام کیا ہے اور ان میں جذبہ و جنون ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑے مواقع ہیں اور اس شعبہ میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، دنیا میں ٹیکنالوجی کا انقلاب آ گیا ہے، نوجوانوں کو اس سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں بہت تھوڑے سے اقدامات کرکے برآمدات میں ہم 2 ارب سے پونے 4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، آئندہ چند سالوں تک آئی ٹی کی برآمدات 50 ارب ڈالر تک بڑھائی جا سکتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی اور مراعات اور سہولیات میں اضافہ کرے گی، ہم نے رجسٹرڈ فری لانسرز کیلئے زیرو ٹیکس کر دیا ہے، میں نے بل گیٹس کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی، وہ ایسے انسان ہیں جنہوں نے مزید پیسہ کمانے کی بجائے پولیو کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی مدد کی اور اس کیلئے بہت پیسہ خرچ کیا، گذشتہ ایک سال میں پاکستان میں پولیو کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، بل گیٹس کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کا مقصد یہ تھا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں بھی ان کی خدمات سے استفادہ کیا جائے، اس سلسلہ میں آنے والے دنوں میں خوشخبری دوں گا۔