گھوٹکی،26 فروری (اے پی پی): اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نےحقوق سندھ مارچ کے حوالے سے اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کے 14 سال میں سندھ کی بربریت بدامنی تباہی کے خلاف آج مارچ ہونے جارہا ہے ،جس میں وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی، سندھ کے صدر علی زیدی کچھ دیر میں کموں شہید پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کے سندھ کی تعلیم صحت سمیت تمام سہولیات تباہ حال ہیں، سندھ میں کچے کے ڈاکوں کی پکے کے ڈاکو سرپرستی کررہے ہیں اور تمام مسائل کے سرپرست سندھ حکومت میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلاول زرداری کے مارچ میں سندھ کے لوگ ان سے سوال کریں گے کہ بتائیں انہوں نے سندھ کو کیا دیا ہے، سندھ میں ہماری بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں، آج میں نمرتا کماری کے شہر میں موجود ہوں، آج گھوٹکی بلاول سے سوال کرے گا کہ کیوں گھوٹکی کی بیٹی کو مار کر لٹکا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کے حقوق کے لیے نکلے گی، ہم علی بابا چالیس چوروں سے سندھ کے عوام کی جان چھڑائیں گے، ہمارے مارچ کا آغاز آج 26 فروری سے ہوچکا ہے اختتام 6 مارچ کو ہوگا۔
سورس: وی این ایس، گھوٹکی











