لاہور، فروری 21(اے پی پی): ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ یا جلسہ کسی بھی سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن شرط یہ ہے کہ وہ قانون، قواعد اور ضوابط کے اندر رہے۔
ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ ہم سمارٹ ٹری کا کانسیپٹ لے کر آ رہے ہیں جو ماحول کے لیے معاون ہو گا، پنجاب حکومت ترقی کے سفر پر جاری رہے گی، سازشی عناصر سازشیں کرتے رہیں گے۔ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب یو اے ای میں موجود ہیں، دھابی گروپ کے ساتھ منصوبے کو دوبارہ زندہ کیا ہے، مبارک سینٹر کی طرح کے اور منصوبے بھی آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ روڈا کے معاملات پر پہلے بھی بات ہوئی ہے، ہم عدلیہ کے تمام سوالوں کا جواب دیں گے، ڈی بی ڈی چالیس ارب کی انویسٹمنٹ ہو چکی ہے، ہم چاہتے ہیں جتنے لوگوں نے آکشن لیا ہے وہ جلد کام شروع کریں، ترقی کا سفر تیزی سے طے کریں گے۔
حسان خاور نے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی رابطے ہوتے رہتے ہیں، جہانگیر ترین پارٹی کے مخلص ساتھی ہیں، ملاقات ہوئی ہے یا نہیں ہوئی اس کی اہمیت نہیں ہے، اپوزیشن جو دعوے کر رہی ہے، کیا یہ سہی ہیں؟ اگر ان کے نمبر پورے ہوتے تو تحریک عدم اعتماد لے آتے۔
ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے والے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں،یہ لوگ حکومت اور پاکستان کے خلاف ہیں، سیاسی ماحول میں میل ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا احتساب کا عمل ہر بندے کے لیے ایک جیسا ہی ہے، کوئی مارچ یا جلسہ کسی بھی سیاسی جماعت کا حق ہے اور حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن شرط ہے وہ قانون، قواعد اور ضوابط کے اندر رہے اور لوگوں کو پریشان نہیں کریں۔











