پشاور، 16فروری(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشرے کی اصلاح اور لوگوں کی کردار سازی میں علمائے کرام کا کردار قابل تحسین ہے-
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم مولانا طارق جمیل جیسے علمائے کرام سے زندگی کے ہر پہلو پر رہنمائی حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں، کیونکہ اسلامی تعلیمات پرعمل پیراہوکرہی ہم فلاحی معاشرے کا قائم عمل میں لاسکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سے آج بروز بدھ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی ملاقات وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ہوئی جسمیں صوبے میں دینی تعلیم، تبلیغ اسلام، خدمت دین اور اسلامی معاشرے کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ ءخیال کیا گیا، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے ملکی اورعالمی سطح پر تبلیغ اسلام کے حوالے سے مولانا طارق جمیل کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ہمارے علمائے کرام اور مبلغین قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اسلئے علمائے کرام کی خدمت کرکے مجھے دلی خوشی محسوس ہوتی ہے- انہوں نے مزید کہا کہ ہم مشکل صورتحال کے باوجود زندگی کے تمام شعبوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔
مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام دین سے والہانہ محبت اورعقیدت رکھتے ہیں، عوامی فلاح کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے صحت کارڈ اسکیم خیبر پختونخوا حکومت کا بہت بڑا فلاحی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے منصوبے دیگر صوبوں میں بھی ہونے چاہئیں۔











