اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے نیکٹا نے طلبہ اور نوجوانوں کے لیے ایک ہفتہ طویل وال پینٹنگ سرگرمی کا اہتمام کیا۔ اس سرگرمی میں وفاقی دارالحکومت کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا کی ایک بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں اسلام آباد ماڈل کالجز، نسٹ، بحریہ یونیورسٹی، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلبا شامل تھیں۔ اس سرگرمی کا مقصد امن اور رواداری کا پیغام دینا تھا۔ طلبا نے امن اور رواداری کے تھیم پر نعرے اور دیواروں کو پینٹ کیا۔ سرگرمی کی اختتامی تقریب بدھ کو اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف ٹین ٹو میں کیا گیا۔ تقریب میں ٹی وی آرٹسٹ توثیق حیدر مہمان خصوصی تھے جبکہ نیکٹا کے ممبر (پالیسی) اور سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اپنے افتتاحی کلمات میں اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف ٹین ٹو کی پرنسپل صبا فیصل نے کہا کہ جب نیکٹا نے انہیں وال پینٹنگ کی سرگرمی میں شامل کیا تو طلبا میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ اس موقع پر توثیق حیدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن اور رواداری کا پیغام عام لوگوں تک ایک غیرمعمولی انداز میں پہنچایا گیا، ملک میں انتہا پسندی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے نوجوانوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ مہمان خصوصی نے طلبا میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔











