ملتان،22فروری(اے پی پی): وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ملتان ڈویژن میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز،پلانٹ فار پاکستان ڈے پر کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے پودا لگا کر باقاعدہ آغاز کیا اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں، معاون خصوصی حاجی جاویداختر بھی موجود تھے۔چیف کنزرویٹر اطہر شاہ کھگا، کنزرویٹر فاریسٹ ملک سلیم بھی موجود تھے۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا پلانٹ فار پاکستان صرف مہم نہیں ایک مقصد ہے،موسم بہار شجرکاری مہم 22 فروری تا 30 اپریل تک جاری رہے گی اور کہا کہ نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہوگی،شہری اپنے گھر اور دفتر میں شجرکاری کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ضلع کو کلین اینڈ گرین بنانا میرا عزم ہے۔
جاوید اختر انصاری نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے شجرکاری پر توجہ نہیں دی اور کہا وطن عزیز کے گرین کور میں اضافہ تحریک انصاف کی ترجیح ہے۔
اطہر شاہ کھگا نے کہا کہ مہم کے دوران ملتان ڈویژن میں 35 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے اور کہا کہ نہر کے اطراف میں پلانٹ فار پاکستان ڈے پر 4 ہزار پھلدار اورپھولدار پودے لگائے جائیں گے۔
پودے لگا کر ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے دعا کی گئی اس موقع پر مختلف محکموں کے سربراہان، سول سوسائٹی کے افراد موجود تھے۔











