وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی کاوشوں سے دبئی گروپ 60 ارب کی سرمایہ کاری پر آمادہ

30

لاہور،20فروری  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب  کی ذاتی کاوشوں سے دبئی گروپ 60 ارب کی سرمایہ کاری پر آمادہ ہو گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات کی۔شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے وزیراعلیٰ پنجاب کا پرتپاک استقبال کیا۔ شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے پنجاب میں تعمیراتی شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔اس ضمن میں دبئی میں پنجاب حکومت اور دبئی گروپ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا اور ایک تقریب کے دوران  مبارک سینٹر کی تعمیر کی بحالی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ دبئی گروپ تعاون پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے لاہو رمیں مبارک سینٹر تعمیر کرے گا۔پنجاب حکومت مبارک سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ  پنجاب نے اس موقع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں تعمیراتی شعبے میں 60 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری ہو گی ، منصوبے کی تکمیل سے بین الاقوامی کرکٹ ٹیمز کیلئے رہائش فراہم ہو سکے گی ۔ دبئی گروپ اورحکومت پنجاب لاہور کی  بلند ترین عمارت بنانے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاہدے پردبئی گروپ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام کو مبارکباد دیتا ہوں۔دبئی گروپ اس تاریخی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔60ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والامبارک سینٹرحقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب نے سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا ہے۔