راشد میموریل ویلفیئر سٹی عالم آباد صوابی بننے سے علاقے میں تعلیم صحت اور دیگر سرگرمیوں کو فروغ ملے گا ؛اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

21

صوابی ،20فروری  (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے راشد میموریل ویلفیئرسٹی عالم آباد بننے سے علاقے میں تعلیم صحت اور دیگر سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور اس کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار  کو  راشد میموریل ویلفیئرسٹی عالم آباد ضلع صوابی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ  یہ عوامی منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ عوامی فنڈز چیرٹی ڈونرز سے ملنے والے فنڈز سے تعمیر کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے میں کوئی سرکاری فنڈ کا استعمال نہیں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عوامی منصوبہ ہے اور عوام ہی اپنی مدد آپ کے تحت دیگر اداروں کے تعاون سے اسے مکمل کیا جا رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس ویلفیئر سٹی کے لئے یہاں کے مقامی باشندوں نے ایک ہزار کنال زمین مفت فراہم کی ہےاس ویلفیئر سٹی میں مختلف شعبوں میں اسکول کیڈٹ کالج اور ٹیکنیکل یونیورسٹی وغیرہ شامل ہیں ان شعبوں کی تعمیر پر پہلے سے کام جاری ہے۔ انہوں نے   کہا کہ ویلفیئر سٹی میں اکتوبر 2022 سے جدید سہولیات سے آراستہ 250 بستروں پر مشتمل اہسپتال کا آغاز کیا جائے گا طلباء اور طالبات کے لیے سکول مارچ 2023 تک مکمل ہو جائے گا، خصوصی طور پر اہل بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ جدید رہائشی سہولتیں بھی میسر ہونگی تاکہ وہ پورے تن دہی سے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔۔

 اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا  کہ یہاں ایک بین الاقوامی معیار کی ٹیکنیکل یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے مارکیٹ کے مطابق ٹیکنیکل تعلیم حاصل کر کے معاشرے کے کارآمد شہری بن سکے گے۔

قبل ازیں چیف ایئر مارشل (ر) سہیل امان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو چارٹ کے ذریعہ منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے عالم آباد ویلفیئر سٹی میں مختلف زیر تعمیر منصوبوں کا عملی جائزہ  بھی لیا اور میڈیا کے نمائندوں کو منصوبے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔