لاہور،26فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں عالمی معیار کی اشیاء بن رہی ہیں،پاکستان کی نمائش کا معیار بین الاقوامی نمائشوں کے معیار سے کم نہیں ہے ، اس ملک کو قائداعظم کے بعد اگر کوئی لیڈر ملا تو وہ عمران خان ہے، ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں،اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
ایکسپو سینٹر میں پہلی پاکستان انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اگر نمبر پورے ہوتے تو وہ کب کی عدم اعتماد کی تحریک پیش کرچکی ہوتی۔تیل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کیوجہ سے اس کا اثر پاکستانی مارکیٹ پر بھی آیا اور یہاں پر بھی تیل کی قیمت بڑھانی پڑی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چوروں کا ٹولہ ہے جنہوں نے اس ملک کو 30 سال تک لوٹا ہے۔
ایوب آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہادر لیڈر ہیں اور یہ قوم کی خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ایسا نڈر لیڈر ملا ہے۔وزیر اعظم کے حالیہ دورہ روس پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو میں پہلی مرتبہ افریقی ممالک اور وسطی ایشیا کے ممالک کو ترجیح دی گئی ہے۔
ایوب آفریدی نے مینوفیکچرز سے کہا کہ وہ ایکسپورٹ کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سورس:وی این ایس، لاہور











