ملتان، 22 فروری (اے پی پی ):سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران ہمارے ڈاکٹروں، نرسز، پیرا میڈیکس نے جس طرح فرائض سر انجام دئیے وہ لائق تحسین ہیں، ڈاکٹروں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ نشتر ہسپتال میں پی جی آر ڈاکٹروں کی کمی سمیت سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی سمیت جلد بھرتیاں ہوں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پی ایم اے کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے انہیں نشتر ہسپتال میں پی جی آر ڈاکٹروں کی کمی سمیت ملتان کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی سے متعلق آگاہ کیا جبکہ چھٹیوں پر ڈاکٹروں کی تنخواہوں سے بلاجواز کٹوتی اور نشتر ہسپتال میں ڈائیریکٹر فنانس کی خالی آسامی کے باعث پیدا ہونے والے مسائل اور نشتر شعبہ ایمرجنسی اور ہاسٹلوں کی اپ گریڈیشن کا بھی مطالبہ کیا۔
اس حوالے سے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ جون تک پی جی آر سیٹیں بڑھا دیں گے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی جلد دور کی جائیگی ، سربراہان کو اختیارات دئیے جائیں گے کہ وہ خود بھرتی کر سکیں جبکہ غیر ضروری کٹوتی پر کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔
وفد میں ڈاکٹر رانا خاور ، ڈاکٹر شیخ عبد الخالق ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر ڈاکٹر وقار نیازی سمیت دیگر ڈاکٹر بھی موجود تھے۔











