جہالت کا زمانہ ختم ہونا چاہیے، خواتین کو بااختیار بنانا ہوگا، خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کا لاہور میں تقریب سے خطاب

12

لاہور15مارچ ( اے پی پی ): خاتون اول ثمینہ علوی نے منگل کی شام یہاں الحمرا آرٹ کونسل کے زیر اہتمام فرسٹ وومن تھیٹر فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے  ہوئے کہا ہے جہالت کا زمانہ ختم ہونا چاہیے، خواتین کو بااختیار بنانا ہوگا،قیام پاکستان میں خواتین کا بھرپور کردار ہے ۔

خاتون اول نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جب جہاد کا حکم آیا تو ان ماوں نے اپنے جگر کے ٹکڑے پیش کیے۔  انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل بے شمار خوبیوں سے مالا مال ہے  انہیں  ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔  انہوں نے کہا کہ ہم جب خواتین کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو تضاد  نظر آتا ہے کسی بھی دور میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے مثبت اقدامات نہیں اٹھائے گئے ،عورت اسلامی معاشرے میں اپنے حقوق سے محروم رہی ہے ،قرآن مجید میں عورت کے حقوق کے بارے میں واضح احکامات ہیں، آئیے  ہم سب کو  مل کر عورت کے حقوق کے لیے کھڑا ہونا چاہیے ،جہالت کا زمانہ اب ختم ہونا چاہیے  اور عورت کو طاقتور ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ عورت کو  معاشرے میں آج بھی معاملات کا سامنا ہے اس کے لیے ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہیے،انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم  عمران خان نے  احساس پروگرام شروع کیا ہے تاکہ عورتوں کو ان کے پائوں پر کھڑا کیا جا سکے۔