اصلاح معاشرہ تربیت سے ممکن، بچوں کی اصلاح و تربیت کا پہلا ستون گھر ہے، صدر عارف علوی کا پیغام پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب

15

اسلام آباد۔7مارچ  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  پیر کو یہاں علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصلاح معاشرہ تربیت سے ممکن، بچوں کی اصلاح و تربیت کا پہلا ستون گھر ہے۔

صدر مملکت نے ملک میں رواداری کو قائم رکھنے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل اور علماء و مشائخ کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر اقدار اور اخلاقیات کی بنیاد پر ہونی چاہئے، اصلاح معاشرہ تربیت کے ذریعے ممکن ہے جس کا پہلا ستون گھر ہے، دنیا میں اس وقت گھر اور خاندان کا نظام کمزور پڑ چکا ہے، حکومت نے ملک میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کرکے بڑا معرکہ طے کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ علماء کا اثر ورسوخ ہر جگہ ہے اور  ہر کوئی ان کی بات سنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺنے اخلاق اور رواداری کا درس دیا ہے، اسلام نے 14 سو سال قبل عورتوں کو ان کے حقوق دیئے جبکہ عورتوں کی وراثت کے حوالہ سے حکومت نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان 40 سال سے 40 لاکھ سے زائد افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے اور اس کے نتیجے میں ملکی معیشت پر بوجھ بھی پڑا۔