پشاور، 17مارچ(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن پاکستان نے پاک افغان تعاون فورم کے اشتراک سے مزید 19 ٹرک امدادی سامان پاک افغان سرحد طورخم پر افغان حکام کے حوالے کردیا۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں الخدمت فاونڈیشن کے مرکزی نائب صدر خالد وقاص، ایڈوکیٹ بحراللہ خان ،الخدمت فاونڈیشن کے سینئر منیجر محمد وسیم اور صوبائی میڈیا منیجر نورالواحدجدون نے تحصیل دار لنڈی کوتل اور پاک افغان تعاون فورم کے منتظمین کی موجودگی میں امدادی سامان سے لدے 19ٹرک افغانستان کے اعلیٰ حکام کے حوالے کئے جن میں کروڑوں روپے مالیت کے فوڈ اور ونٹر پیکجز، گرم ملبوسات اور بچوں کے لئے خشک دودھ،غذائی اشیاء سمیت دیگر امدادی سامان شامل تھا۔
اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر خالد وقاص نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ الخدمت فاونڈیشن کی ساتویں امدادی کھیپ ہے ۔ الخدمت فاونڈیشن پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے اب تک 126ٹرکوں کے زریعے 1060 ٹن سے زائد امدادی سامان افغان حکام کے حوالےکر چکی ہیں جس کی مالیت تقریبا 26 کروڑ بنتی ہیں اور افغانستان کے صوبے کنڑ، پکتیکا، ننگرہار، کابل، ہلمند، قندہار اورشمالی افغانستان کے دیگر صوبوں میں شدید موسمی حالات اور برفباری کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور لاکھوں مستحق خاندانوں کو فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مخیر افراد سے اپیل کی کہ رمضان المبارک کی آمدسے قبل افغانستان کے مستحق متاثرین کے ساتھ امداد کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے مظلوم افغانی عوام کی مشکلات پر قابوپایا جاسکے۔
اس موقع پر افغانستان کے اعلی حکام نے الخدمت فاونڈیشن حکومت پاکستان اور پاک افغان کوآپریشن فورم کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ مظلوم عوام کے ساتھ تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔











