تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے  کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں؛  محمود اسلم وزیر

29

پشاور،17 مارچ (اے پی پی):  ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیر کے زیرصدارت محاصل ریکوری اورکارکردگی بارے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس جمعرات کو  یہاں منعقد ہوا جسمیں محاصل ریکوری میں واضح بہتری کے لیے 15 دن کا ٹائم لائن دے دیا گیا اور مقررہ محاصل ہدف کو یقینی بنانے کے لئے سخت ہدایات جاری کردی گئیں۔

ترجمان ایکسائز کیمطابق اجلاس میں مالی سال 22-2021 کی 8 ماہ کی جولائی سے فروری تک کی محاصل ریکوری اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام ریجنل ڈائریکٹرز اور ضلعی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز کو محاصل ریکوری اور کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ ریجنل ڈائریکٹرز اور ضلعی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کی پراگریس اور کارکردگی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ بھِی کیا گیا-

اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈی جی ایکسائز محمود اسلم وزیر  نے کہا کہ تمام سفارشات حکام بالا کو پیش کرنے اور اہم عہدوں پر میرٹ کے مطابق قابل اور اہل افسران کو تعینات کیا جائے گا اور منشیات کے خلاف انٹیلیجنس بیس کاروائیوں کا دائرہ کار بڑھانے اور خصوصی طور تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے پر زور دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کارکردگی اور استعداد کار بڑھانے کیلئے محکمہ ایکسائز میں جاری ریفارمز پر کام تیز کیا جائے اور ٹیکس دھندگان پر اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے ،ٹیکس نیٹ میں نئے ریٹنگ ایریاء شامل کرنے، ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔ ساتھ ہی  پاکستان سیٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کو بروقت نمٹانے کی ہدایت ، محکمہ ایکسائز سے متعلق عدالتی مقدمات کی بروقت تیاری اور پیروی کی جائے-

اجلاس میں ڈائریکٹر ریونیو ، ڈائریکٹر رجسٹریشن ، ڈائریکٹر پشاور ریجن ودیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔