اپوزیشن کی نہ صرف عدم اعتماد ناکام ہوگی بلکہ 2023 کے الیکشن میں بھی شکست ہوگی، وزیراعظم عمران خان کا  اوورسیز کنونشن سے خطاب

48

اسلام آباد۔15مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی نہ صرف عدم اعتماد ناکام ہوگی بلکہ 2023 کے الیکشن میں بھی شکست ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ساڑھے تین سال میں جتنے کام کئے دیگر جماعتوں نے 35 سالوں میں نہیں کئے، میں کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ اس کی پالیسیوں کے خلاف ہوں، ہر بین الاقوامی فورم پر اسلامو فوبیا کے مسئلہ کو اجاگر کیا ہے، ہماری کاوشوں سے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہونے جا رہی ہے، بھارت میں اچھی قیادت کیلئے دعاگو ہیں تاکہ وہ کشمیریوں کو بنیادی حقوق دے، بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے تو اس سے بات چیت ہو سکتی ہے اور حالات معمول پر آ سکتے ہیں، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد 2023ء کا الیکشن بھی اپوزیشن کے ہاتھ سے نکل گیا، ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے اکٹھے ہو گئے ہیں، ہماری بہادر مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے، افواج پاکستان ملکی دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،  لاکھ اختلافات کے باوجود ذوالفقار علی بھٹو کو خود دار لیڈر سمجھتا ہوں، بھٹو نے مسلم امہ کو متحد کیا، اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی، 27 مارچ کو پورا پاکستان اسلام آباد آئے گا۔