اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاکستانی بیرون ممالک محنت کر کے پاکستان پیسہ بھیجتے ہیں اور یہ یہاں سے لوٹ کر وہاں لے جاتے ہیں ہمارے دور میں ریکارڈ ترسیل زر آئی ہیں ۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جب محنت کرکے وطن پیسہ بھیجتے ہیں اور یہاں کے حکمران پیسہ چوری کرکے لندن میں مہنگے ترین علاقوں میں محلات بنا کر ان میں رہتے ہیں تو ان تارکین وطن کو بہت تکلیف ہوتی ہے، انہیں پاکستان کے حوالہ سے کوئی اچھی خبر سننے کو نہیں ملتی تھی، ہمیں ان کی اہمیت کا مکمل احساس ہے، ہم ان کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، ان کی ترسیلات زر کی وجہ سے ملک چل رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدعنوان سیاستدان ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، ہر ملک اور ہر حکمران کو پتہ ہو تا ہے کہ کتنا چوری کا پیسہ ان کے پاس ہے، روس، یوکرین جنگ کی وجہ سے روسیوں کے دنیا بھر میں آف شور اکائونٹس، ان کے اثاثے اور جائیدادیں ضبط ہو رہی ہیں، ہمارے دو خاندانوں کے چوری کے اربوں ڈالر باہر پڑے ہیں، یہ کبھی سر اٹھا کر باہر کے حکمرانوں سے بات نہیں کر سکتے کیونکہ چوری کا پیسہ ان کو غلام بنا دیتا ہے











