اسلام آباد،17مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ بہتر صنعتی پالیسی کی بدولت پاکستانی ساختہ موبائل درآمد شدہ موبائل فون سے آگے نکل گئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر تجارت نے کہاکہ شعبہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس کی مدد سے مختلف شعبہ جات کی ترقی میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے جن میں زراعت اور توانائی سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔
عبدالرزاق دائود نے کہا کہ تجارت میں روایتی سے غیر روایتی ٹیکسٹائل کی عالمی برآمدی منڈی بہت زیادہ بڑی نہیں ہے جس کا برآمدی حجم ایک کھرب ڈالر ہے تاہم غیر روایتی شعبوں میں برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی ٹی، زراعت، تیل و سٹیل اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں برآمدات کے وسیع مواقع ہیں۔ حکومت غیر روایتی شعبوں کی برآمدات پر توجہ دے رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ٹیرف میں کمی سمیت دیگر اقدامات سے ان شعبوں کو مراعات دی ہیں کیونکہ ان کی اندرون ملک تیاری ہو رہی ہے۔
مشیر تجارت نے کہاکہ حکومت برآمدات کے فروغ سے معاشی ترقی کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت غیر روایتی برآمدات کے فروغ کیلئے مزید مراعات بھی دینے کیلئے پرعزم ہے۔











