اسلام آباد،18مارچ (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت کی کاوشوں کی بدولت ہم ورلڈ بینک کی رینکنگ میں 147 ویں نمبر سے 108 نمبر پر آئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوانِ صدر میں”آسان کاروبار پروگرام” کی لانچنگ کےحوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا کہ حکومت ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اصلاحات کا عمل 2019ء میں شروع کیا گیا جس کے نتیجہ میں کمپنی بنانے اور کاروبار شروع کرنے میں آسانی ہوئی ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرمایہ کاروں اورتاجروں کے لیے مسائل کو کم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے صوبائی اور ضلعی سطح پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔











