سکھر،18مارچ(اے پی پی): چیئرمین اقلیتی کمیشن پ چیلارام کیولانی نے کہا ہے کہ ہولی رنگوں کے ساتھ سچائی اور انسانیت کا تہوار ہے اس دن سچائی کی جیت ہوئی اور جوٹھ جل کر راکھ ہوا۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین اقلیتی کمیشن پاکستان چیلارام کیولانی نے شری سادھوبیلہ تیرتھ استان سکھر میں منعقد ہولی فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام وزارت مذہبی امور و بین المذاہب اور قومی کمیشن برائے اقلیت کے تعاون سے منایا جا رہا ہے۔ یہاں بوڑھے ، جوان، بچے سب موجود ہیں جن میں سے کئی کا تعلق دوسرے مذاہب سے ہے مگر آج ہم سب مذہبی ہم آہنگی کی خاطر ایک ساتھ مل بیٹھ کر یہ ہولی کا تہوار منا رہے ہیں۔
چیئرمین اقلیتی کمیشن پ چیلارام کیولانی نے کہا کہ سندھ صوفیاءکرام کی دھرتی ہے جنہوں نے امن کا پیغام پھیلایا ہے، ہندو مذہب والوں کیلئے جس طرح گنگا جل پویتر ہے اسی طرح ہم سندھی ہندوں کیلئے دریا سندھ کا پانی بھی پویتر اور اہمیت کا حامل ہے۔ ہم آج اس پویتر آستھان پر دعا مانگتے ہیں سندھ خوشحال رہے اور پاکستان ترقی کرتا رہے یہاں امن قائم رہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں سے یکجہتی کیلئے کوشان ہے، اس سے پہلے کراچی میں ہولی کا تہوار منایا گیا تھا اب سکھر میں مناکر پیغام دیا ہے کہ ہم مذہبی ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین اقلیتی کمیشن جناب چیلارام کیولانی و دیگر مذاہب کے رہنماﺅں نے ساتھ ملکر ہولی کا کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو کیک کھلاکر امن و بھائیچارے کا ثبوت دیا اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی پوجا اور دعا کرائی گئی۔











