شجر کاری سیاحت کے فرو غ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے،گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور

18

فیصل آباد۔30مارچ  (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ شجر کاری سیاحت  کے فرو غ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اسی لئے وزیراعظم عمران خان شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہیں تاکہ مستقبل میں رونما ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کیاجاسکے۔وہ گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی )نیوکیمپس (میں چوہدری محمد سرور بائیوڈائیورسٹی پارک میں شجرکاری مہم کے افتتاح  کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال چوہدری محمد سرور بائیوڈائیورسٹی پارک میں دس ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مکمل کر لیاگیا ہے جس پر یونیورسٹی انتظامیہ اور طالبات مبارکباد کی مستحق ہیں جبکہ آئندہ سال کیلئے اس پارک میں پچاس ہزار نئے ماحول دوست پودے لگائے جائیں گے جوکہ آنے والے وقتوں میں ہماری مستقبل کی نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانے کیلئے مفید اورکارگر ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کی کٹائی میں ہمارے ماحول پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں اس لئے نوجوان نسل کو چاہئے کہ وہ قومی جذبے سے پودے لگانے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ یہ ایک صدقہ جاریہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں پنجاب کی یونیورسٹیوں میں نے 20 سے زیادہ وائس چانسلر میرٹ پر لگائے ہیں جبکہ تمام یونیورسٹیوں میں قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن  قومی اسمبلی میں اپنی پاور شو کردے گی تو ہم دوسری سائیڈ پربیٹھ جائیں گے لیکن یہ بات تب ہوگی جب اپوزیشن اپنے 172 ارکان پورے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے جمہوریت کی خوبصورتی ہے۔ سیاسی جماعتوں میں گروپنگ ہوتی رہتی ہے وہ ہمارے ہی کولیگ ہوتے ہیں ان کا سیاسی نقطہ نظر ہم سے تھوڑا مختلف ہوسکتا ہے اس میں پریشاتی کی کوئی بات نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جب عثمان بزدار کا استعفیٰ آئے گا تو پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے خط کا علم نہیں وزیراعظم کے جلسے میں جا کر پتہ چلا کہ کوئی دھمکی آمیز خط آیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈا کٹرروبینہ فاروق،یم پی اے چوہدری لطیف نذر، ایم پی اے فردوس رائے، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجیہہ الدین، چیف ایگزیکٹو سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی بلال فیروز جوئیہ سمیت طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔