نمبرداری نظام کو فعال بنانے سے انتظامیہ اور عوام میں رابطہ بحال ہو گا ؛ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز

143

اوکاڑہ،4 2مارچ(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نمبرداری نظام کو فعال بنانے کے لئے جو اقدامات کر رہی ہے اس سے انتظامیہ اور عوام میں نہ صرف رابطہ بحال ہو گا بلکہ باہمی اعتماد کے ذریعے سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچیں گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں  آرٹس کونسل میں نمبر داری   کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو مدثر فار قلیط نے نمبرداروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ نمبر داری کا عہدہ ذمہ داریوں سے عبارت ہے، اللہ تعالیٰ نے آپ کو عزت دی ہے اور گاؤں میں آپ کی حیثیت مرکز کی سی ہے، نمبر دار ہی گاؤں میں وہ پہلا شخص ہوتا ہے جس سے انتظامیہ رابطہ کرتی ہے، نمبر دار اگر اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کرے تو نہ صرف وہ اپنی سرکاری ڈیوٹی اور فرض کو بہتر انداز میں کر سکتا ہے بلکہ وہ لوگوں کے مسائل بھی مقامی سطح پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ حکومت نے دیہی مراکز قائم کر دیئے ہیں یہاں پر لوگوں کو اپنی زمین جائیداد کے انتقال اور وراثت سمیت دیگر معاملات مقامی سطح پر حل کئے جائیں گے جس کے لئے نمبر دار لوگوں کو آگاہی دیں اور لوگوں کی رہنمائی کریں ۔انہوں نے کہا کہ کنوینشن میں خواتین نمبر دار کی شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ حکومت خواتین کو بھی زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کر ہی ہے، نمبر داری سسٹم لوگوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے بے حد اہم ہے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز  نے کہا کہ سینئر ممبر بورڈ آف ریو نیو بابر حیات تارڑ نے نمبر داری سسٹم کو بحال و فعال کرنے کے لئے  جو اقدامات کئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں، نمبر داری کنونشن سے انتظامیہ اور نمبرادری کے درمیان ہائے خلیج ختم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ  نمبر دار جو کہ انتظامیہ کے نمائندے ہیں ان کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا اور رابطے بحال ہونگے، جدید ٹیکنالوجی کے آنے سے نمبر داری سسٹم کی اہمیت ختم نہیں ہوئی ہے ، محکمہ ریو نیو کو موثر عملداری کے لئے نمبر دار ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ سرکاری واجبات کی اصولی میں نمبر داروں کی حیثیت مسلمہ ہے دیہات میں سرکاری زمینوں کو قبضہ گروپوں سے بچانے کیلئے نمبر داروں کواپنی ذمہ داری ادا کرنا ہے کیونکہ وہ سرکاری زمینوں کے بھی رکھوالے ہیں، نمبر داروں نے ہمیشہ حکومتی اقدامات کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کیا ہے،چاہے وبائی امراض کی مہم ہو یا لائیوسٹاک کی ویکسیئن کی مہم ہو یا دیہات میں صفائی ستھرائی کا معاملہ ہو یا ٹھیکری پہرہ اور چوکیدار نظام کو فعال بنانا ہو،نمبردار ہمیشہ سے حکومتی احکامات کی تکمیل میں صف اول میں نظر آتے ہیں۔

تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ ملک راشد نعمت کھوکھر ،اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد قمر محمود منج ،اسسٹنٹ کمشنر جنرل ملک محمد افضل ،تحصیلداراوکاڑہ سمیت ریو نیو افسران نے کنو نشن میں شرکت کی نمبر داری کی نمائندگی نمبر دارایسو سی ایشن کے صدر نجیب اللہ بلوچ نے کی۔ انہوں نے نمبرداروں کو درپیش مسائل اور مستقبل میں نمبر داری سسٹم کو فعال بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔