پاکستان امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت مشترکہ اجلاس

14

اسلام آباد،08مارچ  (اے پی پی):پاکستان امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت  مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی سیکرٹری کامرس محمد صالح احمد فاروقی اور اسسٹنٹ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے تجارتی نمائندہ برائے جنوب و وسطی ایشیا  کرسٹوفر ولسن نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ وزارت تجارت کے وفاقی سیکرٹری نے ان کے دورہ کو سراہا جو پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہے اور یہ ہمارے باہمی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  کرسٹوفر ولسن نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کا اعتراف کیا اور توقع ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرئے گا۔ اس موقع پر فریقین نے تجارتی و کاروباری تعلقات کی بحالی اور احیاء پربھی اتفاق کیا۔ پاکستان اور امریکہ نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، زراعت، ٹیکسٹائل اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں تعاون، ڈیجیٹل تجارت اور ای کامرس کو فروغ دینے، حقوق دانش کا تحفظ، مزدوروں کے حقوق کا فروغ اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر حکومت پاکستان اور امریکی حکومت کی تنظیمات کے مابین روابط کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کی حمایت کرنے جبکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

  اجلاس کے موقع پر وزارت خارجہ، وزارت سمندرپارپاکستانیز و انسانی وسائل،وزارت موسمیاتی تبدیلی، پاور ڈویژن،وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی،ڈریپ، سرمایہ کاری بورڈ،بورڈ برائے متبادل توانائی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندوں کے علاوہ مختلف وزارتوں اور سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسر بھی شریک ہوئے۔