میرپورخاص،28مارچ ( اے پی پی): ڈپٹی انسپیکٹر جرنل آف پولیس میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر کی سربراہی میں ڈی آئی جی آفس میرپورخاص رینج میں ماہ رمضان المبارک میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ میرپورخاص ڈویژن کے ایس ایس پیز ، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ( ر) اسد علی چودھری ، ایس ایس پی عمرکوٹ مختار خاصخیلی ، متعلقہ پولیس افسران اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے معزز علماء کرام اور ضلعی پیس کمیٹی کے ممبران و نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں رمضان المبارک میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا گیا ، جس میں ڈویژن بھر میں 67 پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں جن پر 204 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ، پولیس رپورٹنگ سینٹرز پر 54 اہلکار ، مساجد پر 344 اہلکار ، عید شاپنگ سینٹرز اور بازاروں میں 171 اہلکار، یوم علیٌ کے موقع پر 1586 اہلکار جبکہ شب قدر اور چاند رات کے حفاظتی انتظامات کے لئے 938 اہلکار اور نمازِ عید کے اجتماعات کے حفاظتی انتظامات کے لئے 1397 افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، اس موقع پر ڈی آئی جی میرپورخاص ذوالفقار علی مہر صاحب کا کہنا تھا کہ ڈویژن بھر میں میرپورخاص رینج پولیس کی جانب سے رمضان المبارک میں حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، اس سلسلے میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ، ان کا مزید کہنا تھا کہ ماہ صیام میں رینج کے تمام حساس مقامات ، مارکیٹس و بازاروں، اہم تنصیبات ، مساجد ، امام بارگاہوں ، نمازِ تراویع و جمعہ کے اجتماعات، یوم علیٌ اور آخری عشرہ میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ، نیز ضلعی سطح پر پولیس کے سینیئر افسران وقتاً فوقتاً حفاظتی انتظامات کو چیک کرتے رہیں گے ۔











