کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے لیکن احتیاطی تدابیر بھی نا چھوڑیں،  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی میڈیا سے گفتگو

21

اسلام آباد۔16مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا  وائرس کی وبا کے پھیلائو میں کمی آ رہی ہے تاہم ابھی تک مکمل طور پر یہ وبا ختم نہیں ہوئی، اس لئے عوام احتیاطی تدابیر پر عملدرآمدجاری رکھیں اور ماسک کا استعمال کریں۔ بدھ کو این سی او سی میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  کورونا وائرس کی وبا سے ملک کے ہیلتھ سسٹم پر جو   دبائو تھا اس میں کافی حد تک کمی آئی ہے اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں بھی  کووڈ۔19 کے مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم پھر بھی اس وائرس کے پھیلائو کے حوالے سے مکمل مانیٹرنگ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ کورونا  ویکسی نیشن کے عمل کو مکمل کریں اور اس وبا کے خلاف مروجہ احتیاطی تدابیر جن میں ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ کو  جاری  رکھیں۔