اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے بدھ کو پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کنول شوذب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں اشرافیہ کو آگے لانے کیلئے ہمیشہ قطار کو توڑا گیا جبکہ عمران خان نے قطار غریب کیلئے توڑی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ لائن ٹوٹتی ہے، کوئی رشتے داروں، کوئی اشرافیہ، کوئی ملز مالکان، کوئی اسحاق ڈار، عابد شیر علی اور فریال تالپور کیلئے لائن توڑتا ہے، وہ اپنوں کو نوازنے کیلئے لائن توڑتے ہیں، پہلا حکمران آیا ہے جس نے قومی پالیسی کے اندر لائن توڑی ہے، غریب کیلئے لائن توڑی ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ احساس پروگرام کو 260 ارب روپے پر لے گئے، ہیلتھ پروگرام کیلئے 400 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ہر خاندان 10لاکھ روپے تک ہیلتھ کارڈ سے علاج کرا سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ ان غلاموں میں سے نہیں ہیں جب ان سے ڈومور کہا جائے تو پائوں پڑ جائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ایبسولوٹلی ناٹ کہا ہے، ہم کرائے کے غنڈے اور چوکیدار نہیں ہیں، جب ہمارا خون بہے گے تو انکار کریں گے ہمیں اس کی وجہ بھی بتانا ہو گی کہ کیوں اپنا خون بہائیں، وزیراعظم عمران خان نے حرمت رسول کی جنگ لڑی، ان کا سرمایہ بیرون ملک نہیں ہے۔











