ہنر مند افراد ی قوت کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی میں خشت اول کی حیثیت رکھتی ہے، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز

65

اوکاڑہ،28مارچ)اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ ہنر مند افراد ی قوت کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی میں خشت اول کی حیثیت رکھتی ہے اور اگر ہنر مندی اپنے کلچر سے جڑی ہوئی ہو تو یہ نہ صرف لوگوں کی معاشی بہتری میں کردار ادا کرتی ہے بلکہ اپنے خطہ اور علاقہ کے خوبصورت کلچر کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بھی باعث بنتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ غلام کا،جوکہ کپڑے کی گڑیاں بنانے کے لئے نہ صرف پاکستان میں بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہے کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مقامی دستکاریوں کوقومی اوربین الاقوامی سطح پر پیش کرنا کسی بھی علاقہ کے مقامی ہنرمندوں کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ پروجیکٹ مینجررخسانہ حسین نےڈپٹی کمشنر کوٹھٹھہ غلام کا میں تقریباً تیس سال قبل گڑیاں بنانے کے آغاز کی تفصیل میں بتایا کہ جرمن میں ان کے بڑے بھائی امجد حسین کی گرافک ڈیزائن ٹیچر ڈاکٹر سینٹا سلر، ریٹائرڈ ہوکر ان کے گاؤں ٹھٹھہ غلام کا میں وزٹ پر آئیں اور انہوں نے علاقہ مکینوں کی مہمان نوازی پر گاؤں کی خواتین کو روزگار کی فراہمی کے لئے دستکاری میں دلچسپی کے لئے قائل کیا اور کپڑے کی گڑیاں و دیگر امور کی تربیت دے کرانہیں معاشی طور پر مضبوط کیا اوراب ایک سو سے زائد خواتین اورنوجوان برسرروزگارہیں۔ رخسانہ حسین نے ڈپٹی کمشنر کو علاقہ کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹرسوشل ویلفیئر اشتیاق خان، سوشل ویلفیئر آفیسر ابرار حسین،رائے عارف نے ہاتھ سے بنائی جانے والی گڑیوں اور دیگر ہینڈی کرافٹس کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے مقامی سطح پر بنائی گئی گڑیوں کو دیکھ کر ہنر مندخواتین کی صلاحیتیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہنر مند خواتین نے مقامی سطح پر گڑیاں بناکرپوری دنیا میں اپنی پہچان بناکراپنے گھراورگاؤں کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔