اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کینسر کی تشخیص ہونے پر علاج ممکن ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ دل کی بیماری کے بعد کینسر ایک جان لیوا موذی بیماری ہے جس کی تشخیص کے ساتھ ہی ایک طرف مریض اور اس کے خاندان پر بیماری سے موت کا خوف طاری ہوتا ہے اور دوسری جانب علاج مہنگا اور طویل ہونے کی وجہ سے بھی پورا خاندان متاثر ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس بیماری کا علاج جلدی ممکن نہیں ، تشخیص کے بعد علاج معالجہ کے لئے ایک طویل عرصہ درکار ہوتا ہے اور اس دوران خاندان مالی مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے ۔ انہیں مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اس بات کی ضرورت محسوس کی کہ 2ہسپتال ناکافی ہیں اس لئے کراچی میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ شوکت خانم ہسپتال کے قیام کا خیال اس وقت آیا جب پاکستان میں علاج نہ ہونے کی وجہ سے مجھے اپنی والدہ کو علاج کے لئے بیرون ملک لے جانا پڑا۔











