اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اسد عمر نے ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی بقا، آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو انتشار سے نکالنے کے لئے الیکشن ضروری ہیں، جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کو پارلیمان کی بالادستی پر بھی یقین رکھنا چاہیے، عدم اعتماد کے بعد بھان متی کا کنبہ کیسے حکومت کرے گا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال میں 57 لاکھ روزگار پیدا کئے تحریک انصاف نے اپنے تین سال میں بدترین کورونا وبا کے دوران 55 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کئے۔ ہمارے دور میں برآمدات گزشتہ دو ادوار سے زیادہ ہیں۔ شرح نمو 15 سال میں پہلی بار5 فیصد سے اوپر چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تشکیل کے بعد8 مارچ سے کامیابی کے حوالے سے سوال کررہے ہیں۔ اسدعمر نے کہا کہ90 دن میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔











