اسلام آباد میں او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس کامیاب رہی، افغانستان اور کشمیری مسائل پر بات ہوئی،صدر آزاد کشمیر  سلطان محمود

26

جدہ،14 اپریل(اے پی پی):صدر آزاد کشمیر  سلطان محمود نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ دنوں او آئی سی وزراء خارجہ کی کانفرنس کامیاب رہی، جہاں افغانستان اور کشمیری مسائل پر بات ہوئی، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

 یہ بات  صدر آزاد کشمیر  سلطان محمود نے جمعرات کو یہاں افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ سلطان محمود کو اوآئی سی نے سعودی عرب آنے کی خصوصی دعوت دی۔

صدر آزاد کشمیر سلطان محمود نے کہا کہ  انہوں نے تفصیل سے کشمیر کے موضوع، ہندوستان کی ہٹ دھرمی، وہاں ہونے والے بھارتی مظالم کی نشاندہی کی۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے او آئی سی کے حقوق انسانی کمیٹی سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان کشمیر کی خودارادیت کی بات ہر فورم پر کرتا رہے گا اور کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، بھارت جو بھی غیر قانونی عمل کر لے مگر کشمیری غیر قانونی عمل کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹری سے ملاقات میں ہونے والی اہم پیشرفت کے بارے میں بھی بتایا انکا کہنا تھا کہ ہم نے اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹری کو وفد کے ہمراہ آزاد کشمیر کی لائن آف کنٹرول کے دورے کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ اپنے وفد کے ہمراہ جموں کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا بھی جائزہ لیں اور دنیا کو بھارت کا مکرہ چہرہ دکھائیں کہ کس طرح بھارت بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے،بھارت دورہ کا سن کرخوف میں مبتلا ہوجاتا ہے اور ہر سطح پر اسکی مخالفت کرتا ہے۔

دریں اثناء صدر آزاد کشمیر نے جدہ میں پاکستانی کشمیر اوورسیز کمیونٹی  کی افطار میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں اس بات پر خوشی کا اظہارکیا کہ یہاں مسئلہ کشمیر پرہرسیاسی سوچ اور مکتبہ فکر  کے پاکستانی یہاں موجودہیں  جس پر میں انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

افطار ڈنر سے  او آئی سی  میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری، اور جموں و کشمیر  اوورسیز کشمیر کمیونٹی کے چیر مین خورشید متیار  نے بھی خطاب کیا۔