تحصیل نظامت  کی کامیابی پر اہلیان گرم چشمہ کا شہزادہ امان الرحمان کا والہانہ استقبال،جلوس کی شکل میں انہیں لٹکوہ لے  کرگئے

32

چترال،04 اپریل(اے پی پی):حالیہ بلدیاتی انتحابات کے دوسرے مرحلے میں  تحصیل چترال کی چیئرمین کی نشست کیلئے  پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار شہزادہ امان الرحمان بھاری مینڈیٹ سے کامیاب ہوئے۔ جنہوں نے 25606 ووٹ لئے جبکہ اس کے قریبی حریف  جمعیت علمائے اسلام کے مولوی عبدالرحمان جو پہلے رکن صوبائی اسمبلی بھی رہ چکے ہے انہوں نے 13285 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے۔ شہزادہ امان الرحمان نے 12321 ووٹوں کا  لیڈ لیکر بھاری مینڈیٹ سے  کامیاب قرار پائے۔ ہفتے کے روز گرم چشمہ کے سینکڑوں لوگ چترال آکر انہیں جلوس کی شکل میں گرم چشمہ لے گئے، یہ جلوس چترال سے روانہ ہو ا اور تمام راستے میں ہر گاؤں کے مرد و خواتین نے راستے میں کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔ اس دوران بعض نہایت جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے جب اس علاقے کے عمر رسیدہ لوگ شہزادہ امان الرحمان سے گلے مل کر زارو قطار روپڑتے اور اپنی خوشی کا اظہار کرتے۔یہ قافلہ کئی گاڑیوں پر مشتمل تھا اور اس کا سب سے دلچسپ منظر وہ تھا جب راستے میں بچیاں، خواتین اور جوان کھڑے ہوکر ان کو شپیری پیش کرتے تھے۔

گرم چشمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے علاوہ تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ کثیر تعداد میں جمع تھے۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے لوگوں نے شہزادہ امان الرحمان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو مبارک باد پیش کی او ر امید ظاہر کی کہ جس طرح علاقے کے لوگوں نے اسے اپنا بیٹا سمجھ کر اتفاق سے اسے ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کیا اسی طرح وہ بھی اب اس علاقے کے لوگوں کی خدمت کریں گے۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ امان الرحمان نے  وادی گرم چشمہ، کریم آباد، شغور، آرکاری، پرسن،  یونین کونسل  آیون، جغور، بمبوریت اور تمام وادیوں کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشترکہ طو ر پر اسے اپنا بیٹا سمجھ کر اپنا  قیمتی ووٹ ان کے حق میں استعمال کرکے کامیاب کرایا۔

شہزادہ امان الرحمان نے کہا کہ چترال کے تین تحصیلوں پر حکمران پارٹی کے امیدواران کامیاب ہوئے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ اب بھی عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں جنہوں نے پوری مسلم دنیا کے وزرائے حارجہ کو او آئی سی کانفرنس میں اسلام آباد بلاکر اکھٹا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پی ڈی ایم  کے رہنماؤں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنی غلطیوں کو چھپانے کیلئے عمران خان جیسے مخلص لیڈر کو  فارغ کرنے پر تلے ہوئے ہیں مگر قوم اس کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اسے دوباری بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنماء جو ڈرامہ بازی کررہے ہیں قوم اس کو اچھی طرح جانتی ہے اور ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے حق میں نعرہ بازی بھی کی گئی۔ جلسہ سے دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے شہزادہ امان الرحمان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ بعد میں یہ جلسہ پر امن طور پر منتشر ہوا ،وہاں  طعام کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔