جلالپورپیروالا سمیت پورے ملتان ریجن میں ڈیجیٹل چالان سسٹم کا آغاز کردیا گیا

33

جلالپورپیروالا،20اپریل(اے پی پی): جلالپورپیروالا سمیت پورے ملتان ریجن میں ڈیجیٹل چالان سسٹم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک ، پنجاب لاہورشارق جمال کی ہدایت پر ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر ٹریفک سید محمد عباس شاہ کی زیر نگرانی ملتان  ریجن، ڈیرہ غازی خان  ریجن اور بہاولپور ریجن میں پیپر لیس چالان سسٹم متعارف کروا یا جا رہا ہے۔

پیپر لیس چالاننگ سسٹم کے آغاز کے موقع پر پولیس لائن ملتان میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ پیپر لیس چالان سسٹم ایپلیکیشن ٹریفک پولیس  کی زیر نگرانی سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے بنوائی گئی ہے جو کہ یوزر فرینڈلی ایپلیکیشن ہے۔ اس سسٹم سے شہریوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک افسران کو بھی کافی سہولت ہو گی۔ اس سسٹم کو متعارف کروانے کا مقصد ٹریفک پویس کے چالاننگ کے نظام میں شفافیت لانا ہے ۔

ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر ٹریفک پنجاب لاہور کی خصوصی کاوش پر پنجاب میں پہلی بارٹریفک چالان کا مکمل نظام پیپرلیس ھو جائیگا۔

 ڈی آئی جی ٹریفک شارق جمال نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز کو پیپر لیس چالاننگ بارے بریف کیا کہ پیپر لیس چالاننگ سسٹم کے تحت چالاننگ کے نظام میں شفافیت کے ساتھ شہریوں کوکافی سہولت ملے گی ۔

 ایس ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز سید محمد عباس شاہ نے بتایا کہ پیپر لیس چالاننگ سسٹم کے ذریعے چالاننگ افسران کو ڈیٹا ایکسائز اور نادرہ سے منسلک ہو نے کی وجہ سے ہر قسم کے ڈیٹا کو دیکھنے میں آسانی ملے گی اور کرائم کنڑول کے ساتھ ساتھ ٹریفک وائیلیشنز پر کنٹرول کرنے میں معاونت ہوگی۔