اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ سابق وزیر اعظم نے تحائف توشہ خانہ سے 20 فیصد ادائیگی پر لے کے 4 گنا مہنگے فروخت کردیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے تحائف کم قیمت پر خرید کر چار گنا زائد قیمت پر فروخت کئے، عمران خان کی آمدن میں توشہ خانہ سے جتنا اضافہ ہوا ہے، اتنا انہوں نے پوری زندگی نہیں کمایا، عمران خان کی 41 سال کی ڈیکلیئرڈ آمدن ایک طرف اور توشہ خان سے حاصل کئے گئے تحائف سے آمدن دوسری طرف، وزارت عظمیٰ کے منصب پر آنے کے بعد پہلے دو مہینوں کے دوران انہوں نے توشہ خانہ سے 85 ملین روپے کمائے اور چار سالوں میں 58 تحفے اپنے پاس رکھے جن کی مالیت 142 ملین بنتی ہے، عمران خان نے تین چیزیں تین کروڑ میں خریدیں، ان کے پاس یہ پیسہ کہاں سے آیا، انہیں اس کی منی ٹریل دینا ہوگی کیونکہ پہلے سال تو عمران خان کی آمدن ہی اتنی نہیں تھی کہ وہ تین کروڑ کی چیزیں خرید سکیں۔











