شہزادہ امان الرحمان کی تحصیل نظامت کی سیٹ پر کامیابی،چترال سے گرم چشمہ تک والہانہ استقبال ، ہر گاؤں کے باہر شپیری پیش

38

چترال،03اپریل(اے پی پی):  حالیہ بلدیاتی انتحابات کے دوسرے مرحلے میں  تحصیل چترال کی چئیرمین کی نشست کیلئے  پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار شہزادہ امان الرحمان بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے، جنہوں نے 25606 ووٹ لئے جبکہ انکے قریبی حریف  جمعیت علمائے اسلام کے مولوی عبدالرحمان جو پہلے رکن صوبائی اسمبلی بھی رہ چکے ہے انہوں نے 13285 ووٹ حاصل کئے۔

 ہفتے کے روز گرم چشمہ کے سینکڑوں افراد نے چترال آکر  شہزادہ امان الرحمان کو جلوس کی شکل میں گرم چشمہ لے کر گئے۔ یہ جلوس چترال سے روانہ ہوا اور تمام راستے میں ہر گاؤں کے مرد و خواتین نے راستے میں کھڑے ہوکر انکا استقبال کیا۔ اس دوران کئی نہایت جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے جب  علاقے کے عمر رسیدہ لوگ شہزادہ امان الرحمان سے گلے مل کر زارو قطار روپڑتے اور اپنی خوشی کا اظہار کرتے۔

یہ قافلہ کئی گاڑیوں پر مشتمل تھا اور اس کا سب سے دلچسپ منظر وہ تھا جب راستے میں بچیاں، خواتین اور جوان کھڑے ہوکر ان کو شپیری پیش کرتے تھے۔ چترال کے لوگوں کا یہ رسم ہے کہ خوشی کی موقع پر شپیری دیتے ہیں، شپیری دراصل منہ میٹھا کرنا  ہوتا ہے مگر شپیری پیش کرتے وقت اس میں ملائی والا دودھ، دہی، مٹھائی اور ٹافیاں، اخروٹ، خشک میوہ بھی شامل ہوتا ہے۔ شہزادہ امان الرحمان ہر شپیری پر تھوڑا سا دودھ چمچہ  میں لیکر پیتے، مٹھائی اٹھاکر کھالیتے اس دوران بچیاں، خواتین اور جوان باقی ماندہ ٹافیاں اور پھول  ان پر پھینکتے یعنی نچاور کرکے اپنی انتہائی خوشی کا اظہار کرتے۔تمام راستے میں ہر گاؤں کے سامنے بہت سارے لوگ ہاتھوں میں پھولوں کا ہار لیکر کھڑے تھے اور شہزادہ امان لرحمان کے گلے میں پھولوں کا ہار ڈال کر ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

 یہ قافلہ پانچ گھنٹوں میں بمشکل گرم چشمہ پہنچا جہاں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے انکے  اسقبال کیلئے انتظار میں کھڑے تھے، گرم چشمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے علاوہ تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ کثیر تعداد میں موجود تھے۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے لوگوں نے شہزادہ امان الرحمان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ جس طرح علاقے کے لوگوں نے اسے اپنا بیٹا سمجھ کر اتفاق سے اسے ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کیا اسی طرح وہ بھی اب اس علاقے کے لوگوں کی خدمت کریں گے۔

  عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ امان الرحمان نے  وادی گرم چشمہ، کریم آباد، شغور، آرکاری، پرسن،  یونین کونسل  آیون، جغور، بمبوریت اور تمام وادیوں کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشترکہ طور پر انہیں اپنا بیٹا سمجھ کر اپنا  قیمتی ووٹ ان کے حق میں استعمال کرکے کامیاب کرایا۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے تین تحصیلوں پر حکمران پارٹی کے امیدواران کامیاب ہوئے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ اب بھی عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں جنہوں نے پوری مسلم دنیا کے وزرائے حارجہ کو او آئی سی کانفرنس میں اسلام آباد بلاکر اکھٹا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پی ڈی ایم  کے رہنماؤں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنی غلطیوں کو چپھانے کیلئے عمران خان جیسے مخلص لیڈر کو  فارغ کرنے پر تلے ہوئے ہیں مگر قوم اس کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اسے دوباری بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنماء جو ڈرامہ بازی کررہے ہیں قوم اس کو اچھی طرح جانتی ہے اور ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 اس موقع پر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے حق میں نعرہ بازی بھی کی گئی۔ جلسہ سے دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے شہزادہ امان الرحمان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔