صحافی عوام کی آنکھیں اور کان ہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، وفاقی وزیر برائے سیفران سینیٹر طلحہ محمود کی”اے پی پی” سے خصوصی گفتگو

43

اسلام آباد۔22اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر سیفران سینیٹر طلحہ محمود نے  اےپی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی عوام کی آنکھیں اور کان ہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، انہوں نے کہاہے کہ صحافی معاشرے کی آنکھیں اور کان ہیں، معاشرے میں آگاہی کیلئے صحافی برادری اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے جمعہ کو مستحق افراد میں راشن تقسیم کرتے ہوئے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کا کام بڑا اہم ہے میں اس بات کو نہیں مانتا کہ لوگوں میں شعور کی بیداری کیلئے صرف خاص لوگ ہی کام کرتے ہیں، صحافیوں کے کردار کو تسلیم کئے بغیر انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی آگاہی کیلئے ہر آدمی کا خصوصی کردار ہے جو ہمیں ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر انسان قابل قدر ہے، ایک ڈرائیور ، پروڈیوسر اور کلرک کی معاشرے کی ترقی اور تشکیل میں اہم ذمہ داری ہے جسے ہم مسترد نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم طویل عرصے سے یہ دیکھ رہے ہیں کہ میڈیا کے چھوٹے طبقے کی تنخواہیں کم ہیں، وسائل محدود ہیں اور ان کیلئے زندگی کی مشکلات زیادہ ہیں۔ مہنگائی رو ز بروز بڑھنے سے یہ طبقہ پس رہا ہے اور غربت کی لکیر سے نیچے جا رہا ہے۔میڈیا کے اس چھوٹے طبقے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، ان کی تنخواہوں میں اضافہ کر کے انہیں اس مشکل سے نجات دلائی جا سکتی ہیں۔