مظفرگڑھ؛وراثتی زمین میں حصہ مانگنے والی دو سگی بہنوں کے قاتل بھائی گرفتار

29

مظفرگڑھ، 9 اپریل(اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر  کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ رنگ پور نے وراثتی زمین میں حصہ مانگنے والی دو سگی بہنوں کے قاتل بھائی گرفتار کر لئے ہیں۔

پولیس ترجمان  کے مطابق تھانہ رنگ پور کے علاقے کڑی علی مردان  میں دو بہنوں نسرین بی بی اور شازیہ مائی کو ان کے بھائیوں  ناصر اور جابر نے  جائیداد کے تنازعہ پر پسٹل کے فائر مار کر قتل کر دیا۔دونوں بہنوں کی شادی ملتان میں ہوئی  تھی اور اپنے والد ماچھیا خان کے گھر کڑی علی مردان  آئی ہوئی تھیں۔وراثتی زمین میں حصہ مانگنے  پر دونوں بھائی طیش میں آگئے اور پسٹل  سے فائر کرکے دونوں بہنوں کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔

دوران گشت سب انسپکٹر عبد الغفار شور کی آواز سن کر موقع پر پہنچے تو دونوں بہنیں قتل ہو چکی تھیں۔ پولیس کو دیکھ کر دونوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت  کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ رنگ پور جام سجاد حیدر نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ایک گھنٹے کے اندر اندر گرفتارکرلیا ۔ایس ایچ او تھانہ رنگپور نے  فوری کارروائی کرتے  ہوئے نہ صرف جابر اور ناصر کو گرفتار کرلیا بلکہ اس قتل کی مشاورت میں شامل بڑے بھائی عرفان اور والد ماچھیا خان کو بھی گرفتار کر کے شامل تفتیش کرلیا ہے۔

پولیس کرائم سین یونٹ اور فارنزک ٹیم نے موقع سے تمام شواہد اکٹھے کر لئے ہیں،دونوں لاشوں کو ریسکیو 1122 نے پوسٹمارٹم کےلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کر دیا ہے، مقدمہ کو سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جا سکیں اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جاسکے۔

سورس: وی این ایس، مظفرگڑھ