ملک کو لوٹنے والے چور ڈاکو اورضمیر فروش وزیراعظم عمران خان کے خلاف اکھٹے ہوگئے ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

42

راولپنڈی، 01اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ ملک کو لوٹنے والے چور ڈاکو اورضمیر فروش اقتدار کے لیے وزیراعظم عمران خان کے خلاف اکھٹے ہوگئے ہیں،بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود لوگ عمران خان کو پسند کرتے ہیں،سیاست سے ریٹائر ہونے والا تھا مگر موجودہ صورتحال میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہوں گا،پاکستان کی سیاست میں آنے والا دن بہت اہم ہے،دنیا میں پاکستان جغرافیائی اعتبار سے اہم خطہ میں واقع ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے جمعہ کو راولپنڈی کے وقارالنساء کالج کو یونیورسٹی کادرجہ ملنے پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق ،ڈائریکٹر کالجز شیر ستی، انتظامیہ و فیکلٹی ممبران کے علاوہ طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وقار النساء کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے پر وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکا  شکر گزارہوں۔انہوں نے بتایا کہ قانونی  پیچیدگیوں کی وجہ وقارالنساء کالج کویونیورسٹی کا درجہ دینے میں تاخیر ہوئی اوراسی یونیورسٹی میں راولپنڈی کی غریب پڑھی لکھی 264 بچیوں کو میرٹ پر ملازمتیں دی جائیں گی اوراب راولپنڈی پاکستان کا وہ واحد شہر ہے جہاں صرف خواتین کی چار یونیورسٹیز ہوں گی۔تعلیمی میدان میں راولپنڈی شہر کا پاکستان میں پہلا نمبر ہے اور اسی شہر سے رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس میں ٹاپ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں ہم نے کسی بدمعاش کو نہ سر اٹھانے دیا اور نہ ہی کسی کی زمین پر قبضہ ہونے دیا ۔ اس شہر کی ماں اوربیٹی پڑھی لکھی ہیں،ہم نے ایسا تعلیمی نظام بنایا ہے کہ راولپنڈی کی ہر ڈھوک میں سکول اور کالج بنائے ہیں تاکہ بچیاں اپنے گھر سے نکلیں تو انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے بتایا کہ کالج کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا کے وہاں پوسٹ گریجویٹ کالج کی تعمیرکے لیے 34کروڑ66لاکھ روپے کی منظوری دلوائی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں پچھلے ہفتے سیاست سے ریٹائرڈ ہونے والا تھا مگر میراضمیر اس بات کی اجازت نہیں دے رہا تھا کہ عمران خان کو مشکل وقت میں چھوڑوں اسی لیے جب تک عمران خان کھیلے گا میں اس کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہوں گا اور راولپنڈی کا بچہ بچہ عمران خان کے ساتھ ہے کیونکہ وہ کسی لٹیرے یا غدار کو پسند نہیں کرتے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے، بجلی گیس اور پیٹرول کہ قیمتوں میں اضافہ ہوا مگر اس کے باوجود پاکستان کے  عوام وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں اور ملک سے پیسہ اکھٹا کرکے بیرونی ممالک میں اپنے محل بنانے والے عمران خان کے خلاف اکھٹے ہو گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ کہ پشاور دھماکہ میں 70افراد کو شہید کرنے والے تمام دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔