اسلام آباد،2اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ فوری طور پر الیکشن کروائے جائیں، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہرحال میں کھڑا رہوں گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ ملک کو لوٹنے والے باپ بیٹا ایک بار پھر اقتدار کی دوڑ میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سازشوں کا حصہ بننے والے اور قومی اسمبلی کے اراکین کو خریدنے والوں کے خلاف غداری کامقدمہ درج ہونا چاہئے ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملکی معیشت اور سیاست کی انتہائی گھمبیر صورتحال ہے اور آئندہ چوبیس گھنٹے بہت اہم ہیں۔ اس وقت ملکی حالات تشویشناک ہیں اور اور ہر گھنٹے بعد سیاست میں تبدیلی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادارے بہت عظیم ہیں اور نازک صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ فوری طور پر الیکشن کروائے جائیں کیونکہ الیکشن کے علاوہ کوئی حل نظر نہیں آتا۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ منحرف اراکین اس قابل نہیں ہیں کہ وہ اپنے حلقوں میں جاسکیں اور جو اراکین بیرونی سازش کا حصہ بنے ہیں ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہونا چاہیے اور تمام اراکین مستعفی ہوں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سازش کاحصہ بننے والی تمام سیاسی جماعتوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔
وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بیٹھے بٹھائے مقبول ہوئے ہیں اور اپوزیشن اس وقت پھنس گئی ہے، لوگ ان کے چہرے نہیں دیکھنا چاہتے ، جو لوگ اپنے علاقوں میں نہیں جاسکیں گے وہ جمہوریت کیسے کریں گے۔انہوں نے کہاکہ وہ سیاست چھوڑنا چاہتے تھے مگر موجودہ حالات کو دیکھ کر میں ایکٹیو ہوگیا ہوں اور چوروں و لٹیروں کو بے نقاب کروں گا۔











